چترال کی لکڑی کی بروقت منتقلی اور شفاف نیلامی کی ہدایت
Englishچترال،: خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے جنگلات، ماحولیات اور جنگلی حیات پیر مصور خان نے فاریسٹ ڈویلپمنٹ کارپوریشن کو چترال میں پڑی لکڑی کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور اس کی شفاف نیلامی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
یہ ہدایات فاریسٹ ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے دفتر میں ہونے والے ایک اجلاس میں دی گئیں۔ اجلاس میں چترال میں موجود لکڑی کو مقررہ وقت کے اندر منتقل کرنے اور نیلام کرنے کے طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سیکرٹری جنگلات و ماحولیات جنید خان سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ حکام نے مشیر کو لکڑی کی محفوظ منتقلی، نیلامی کے طریقہ کار اور اس سے حاصل ہونے والی سرکاری آمدن کے بارے میں بریفنگ دی۔
پیر مصور خان نے ہدایت کی کہ لکڑی کی منتقلی اور نیلامی کے تمام مراحل میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے اور سرکاری مفاد کا خاص خیال رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ جنگلاتی وسائل کے تحفظ کے لیے بھی ضروری اقدامات کیے جائیں۔ لکڑی کی منتقلی اور نیلامی کا عمل مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ حکومت کو اس کی آمدن بروقت حاصل ہوسکے۔
حکام کے مطابق یہ اقدام چترال کے جنگلاتی وسائل کے بہتر انتظام، لکڑی کو محفوظ رکھنے اور شفاف نیلامی کے لیے اہم ہے۔