چترالیوں کا سابق رکن قومی اسمبلی کو مبینہ قتل کی دھمکیوں پر فوری تحقیقات کا مطالبہ
English چترال کے عوام نے سابق رکن قومی اسمبلی شہزادہ افتخارالدین کو مبینہ طور پر ٹمبر مافیا کی جانب سے ملنے والی جان سے مارنے کی دھمکیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی
کا مطالبہ کیا ہے۔ سابق صوبائی وزیر سلیم خان سمیت مختلف سیاسی رہنماؤں اور سماجی کارکنوں نے بھی اپنے بیانات میں اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے معاملے کا فوری نوٹس لینے پر زور دیا ہے۔
شہزادہ افتخارالدین نے الزام عائد کیا ہے کہ انہیں اور جنگلاتی علاقوں کے غریب باشندوں کو ٹمبر مافیا کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیراعظم، گورنر خیبرپختونخوا اور چیئرمین نیب سمیت متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ اس معاملے کی فوری تحقیقات کرائی جائیں اور متاثرہ افراد کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
اپنے بیان میں سابق رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ انہیں ایک شخص نے ٹیلی فون پر دھمکی دی، جس نے اپنا نام شاہ زرین اور تعلق براول، اپر دیر سے بتایا۔ ان کے مطابق دھمکی دینے والے نے انہیں شیشی کوہ کے علاقے برگا کے مقامی باشندوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے سے منع کیا۔
شہزادہ افتخارالدین کے مطابق برگا کے مقامی باشندوں کی 13 کروڑ 50 لاکھ روپے کی جنگلاتی رائلٹی مبینہ طور پر تاحال ادا نہیں کی گئی۔ اس رقم کی وصولی کے لیے مقامی افراد سابق ڈپٹی کمشنر راؤ ہاشم کے پاس شکایت درج کرانے کے علاوہ عدالتوں اور نیب سے بھی رجوع کر چکے ہیں۔
انہوں نے مقامی باشندوں کے حوالے سے یہ الزام بھی دہرایا کہ مذکورہ شخص اس سے قبل برگا کے ایک اسکول ٹیچر سجاد اور ان کے اہل خانہ کو بھی مقدمات کی پیروی جاری رکھنے پر قتل کی دھمکیاں دے چکا ہے۔
بیان میں تحصیلدار دروش عتیق کی ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ برگا کے 992 رہائشی محکمہ جنگلات کے نئے مارکنگ پلان کے مخالف ہیں، جبکہ صرف آٹھ افراد نے اس کے حق میں حلف نامے جمع کرائے ہیں۔
سابق رکن قومی اسمبلی نے اس امر پر بھی سوال اٹھایا کہ مقامی آبادی کے تحفظات اور رائلٹی کی عدم ادائیگی کے تنازع کے باوجود فارسٹ ڈویلپمنٹ کارپوریشن (FDC) نے قاری شعیب کو ایک لاکھ 70 ہزار مکعب فٹ تازہ لکڑی کی کٹائی اور ترسیل کا نیا ٹھیکہ کیسے دیا، جس کی مالیت ان کے بقول دو ارب روپے سے زائد ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ معاملہ صرف برگا تک محدود نہیں بلکہ ارندو گول اور ڈامیل کے جنگلاتی علاقوں سے بھی تعلق رکھتا ہے۔ شہزادہ افتخارالدین نے مطالبہ کیا کہ مبینہ دھمکیوں کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں، مقامی باشندوں کے جنگلاتی حقوق اور واجب الادا رائلٹی کے معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور متاثرہ افراد کو مناسب تحفظ فراہم کیا جائے۔