’تین کھرب ڈالر‘ کے معدنی ذخائر: افغانستان کے پہاڑوں میں چھپا خزانہ

English

افغانستان میں تیل اور گیس سے لے کر دھاتی خام مال اور دیگر معدنیات تک قدرتی وسائل کی مالیت تین کھرب ڈالر سے زیادہ لگائی جاتی ہے۔

افغانستان ایک طویل عرصے سے کمزور معیشت لیکن قدرتی وسائل سے مالا مال ملک کے طور پر جانا جاتا ہے۔ ان وسائل کا ایک بڑا حصہ اب بھی زیرِ زمین موجود ہے اور اسے نکالنے کا کام شروع نہیں ہو سکا۔ ان ذخائر کی اصل مقدار اور مالیت کے بارے میں مختلف اندازے بھی سامنے آتے رہے ہیں۔

افغانستان کے معدنی ذخائر اور قدرتی وسائل کی مالیت کو آسان الفاظ میں یوں سمجھا جا سکتا ہے کہ اگر اس ملک کے پاس تین کھرب ڈالر کی رقم موجود ہو اور حکومت کا سالانہ معمول کا اور ترقیاتی بجٹ تقریباً 10 ارب ڈالر ہو تو اسے لگ بھگ 300 سال تک کسی بیرونی مالی امداد کی ضرورت نہیں پڑے گی۔۔

اس رپورٹ کا مقصد افغانستان کے معدنی ذخائر اور قدرتی وسائل، مختلف صوبوں میں ان کے پھیلاؤ اور ان کی سرکاری طور پر بتائی گئی مالیت کی ایک واضح تصویر پیش کرنا ہے۔

بی بی سی فیکٹ چیک کی تحقیق میں مختلف صوبوں میں موجود معلوم معدنی ذخائر اور کانوں کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ کس دھات کے ذخائر کہاں واقع ہیں، اس کی موجودہ صورتحال کیا ہے اور دستیاب اندازوں کے مطابق اس کی مالیت کتنی ہے۔

افغانستان کے معدنی ذخائر کے بارے میں پہلی بار بڑے پیمانے پر تحقیق سابق سوویت یونین کے دور میں کی گئی تھی۔ ان تحقیقات میں ملک کے مختلف علاقوں کی ارضیاتی نقشہ سازی، چٹانوں اور زیرِ زمین تہوں کا جائزہ، فضائی سروے اور معدنی ذخائر کی تلاش شامل تھی۔

ان تحقیقی دستاویزات میں سے کچھ افغانستان کی وزارتِ کان کنی کی لائبریری میں محفوظ ہیں، جبکہ کچھ سوویت یونین کے انخلا کے بعد روس منتقل کر دی گئی تھیں۔

اس کے بعد بھی افغانستان کے قدرتی وسائل پر تحقیق کا سلسلہ جاری رہا۔ مثال کے طور پر سنہ 2007 میں ایک سروے کیا گیا، جبکہ سنہ 2011 میں افغانستان کے ارضیاتی سروے اور امریکی ارضیاتی سروے نے بھی مطالعات کیے۔

Share:

Leave a Comment